Nov ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۹:۵۴ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کے خلاف صیہونی فوجیوں کی بربریت جاری، مزید دو فلسطینی شہید اور متعدد زخمی

غاصب صیہونی فوجیوں نے ایک ستر سالہ فلسطینی خاتوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا ہے۔

فلسطینی ذرائع اور ہلال احمر کے مطابق اسرائیل فوجیوں نے مذکورہ فلسطینی خاتون کو اس وقت پچاس گولیاں ماریں جب وہ اپنی کار میں شمالی الخلیل کے علاقے الجورہ میں صہیونی چیک پوسٹ کے قریب سے گزر رہی تھی۔

صیہونی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو خدشہ تھا کہ مذکورہ خاتون انہیں اپنی گاڑی تلے روندنا چاہتی ہے۔ صیہونی آباد کار اکثر فلسطینی بچوں اور خواتین کو اپنی گاڑیوں تلے کچلنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ ایک اور اطلاع کے مطابق صیہونی فوجیوں نے مشرقی شہر خان یونس میں بھی فائرنگ کرکے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا ہے۔

دوسری جانب جنوبی الخلیل میں نماز جمعہ کے بعد ہونے والے اسرائیل مخالف مظاہرے کے دوران اسرائیل فوجیوں کی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ میں متعدد فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ مشرقی بیت لحم بھی نماز جمعہ کے بعد سیکڑوں فلسطینیوں نے مظاہرے کرکے انتفاضہ قدس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

مسجد الاقصی پر صیہونی آباد کاروں کے حملوں کے بعد شروع ہونے والی تحریک انتفاضہ قدس کے دوران اناسی فلسطینی شہید اور دو ہزار دو سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ پندرہ سو فلسطینیوں کو صیہونی فوجیوں نے اغوا بھی کر لیا ہے۔ فلسطینیوں اور صیہونیوں کے درمیان ہونے والے جھڑپوں میں کم سے کم گیارہ صیہونی بھی ہلاک اور ایک سو تیس زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس