فلسطین میں صیہونی فوجیوں کی بربریت میں چار فلسطینی شہید
صیہونی فوجیوں نے اپنی وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بیت المقدس اور الخلیل میں کم سے کم چار فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے-
صیہونی فوجیوں نے جمعے کو غرب اردن کے شہر الخلیل میں فائرنگ کرکے دوفلسطینیوں کو شہید کردیا- صیہونی فوجیوں نے ان فلسطینیوں پر بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے ان فلسطینیوں نے ایک اسرائیلی فوجی پر چاقوسے حملہ کیا تھا-
صیہونی فوجیوں نے بیت المقدس میں بھی دو فلسطینی نوجوانوں کو گولی مارکر شہید کردیا- ان دونوں فلسطینی نوجوانوں کے بارے میں کہا جارہاہے کہ ان میں سے ایک نے صیہونیوں کے مظالم سے تنگ آکر ایک اسرائیلی فوجی پر چاقوسے حملہ کیا تھا جبکہ دوسرے نے ایک انتہا پسند صیہونی پر اپنی گاڑی چڑھا دی تھی-
اس درمیان فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اکتوبر مہینے کے آغاز سے اب تک غاصب صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں ایک سو بارہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں- فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ان شہدا میں پانچ عورتیں اور پچیس کمسن بچے بھی شامل ہیں- فلسطینی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انتفاضہ قدس کے آغاز سے اب تک صیہونیوں کے حملوں میں زخمی ہونےوالے فلسطینیوں کی تعداد تیرہ ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے-