آیت اللہ شیخ باقر النمر کی حمایت میں مظاہرے
سعودی عرب میں ہزاروں افراد نے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ باقر النمر کی حمایت میں مظاہرے کئے ۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف میں ہزاروں افراد نے جمعے کے دن مظاہرہ کرکے بزرگ و مجاہد عالم دین آیت اللہ شیخ باقر النمر کو قید میں رکھے جانے کی مذمت کی۔ مظاہرین نے ان کی حمایت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے شیخ باقر النمر کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور آل سعود کے ہاتھوں سیاسی مخالفین کی سرکوبی کی مذمت کی۔
آل سعود کے سیکورٹی کارندوں نے بدھ کو شہر قطیف میں ایک خاتون کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔
سعودی عرب میں دوہزار گیارہ سے عوام نے اپنے قانونی مطالبات اور سیاسی اصلاحات کو لے کر تحریک شروع کی تھی۔ شیعہ علاقوں میں یہ تحریک بالخصوص شیخ باقر النمر کی گرفتاری اور ان کو پھانسی کی سزا سنائے جانے کے بعد سے آل سعود کے لئے سب سے بڑا چیلنج بن گئی ہے۔