داعش کے زیر قبضہ پینسٹھ فیصد علاقوں کو آزاد کرا لیا گیا ہے: عراقی وزیر دفاع
عراقی وزیردفاع نے کہا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورس نے دہشت گرد گروہ داعش کے زیرقبضہ پینسٹھ فیصد علاقوں کو واپس لے لیا ہے -
عراقی وزیردفاع خالد العبیدی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ عراقی وزارت دفاع کی فوجی یونٹوں نے مسلسل ٹریننگ کے ذریعے اپنی توانائیوں کو دوبارہ حاصل کرلیا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے مختلف محاذوں پر قابل ذکرکامیابیاں حاصل کی ہیں-
عراقی وزیردفاع نے کہا کہ عراق کے کئی اہم شہروں کو آزاد کرانےکے لئے انجام پانے والی فوجی کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کو بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے - دہشت گرد گروہ داعش نے عراق کے چالیس فیصد علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا لیکن فوج اور عوامی رضاکارفورس کی کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں بیشترعلاقوں کو آزاد کرا لیا گیا ہے اور اس وقت صرف سترہ فیصد علاقے ہی دہشت گردوں کے قبضے میں ہیں -
اس درمیان عراق کے صدر فواد معصوم نے بھی دہشت گردوں کے خلاف فوج کو اس کی شاندار کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا ہے - فواد معصوم نے بدھ کو عراقی فوج کی تشکیل کو پچانوے سال پورے ہونے کی مناسبت سے اپنے خطاب میں دہشت گردوں کے مقابلے میں عراقی فوج کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر ممکن طریقے سے فوج کی تقویت اور حمایت کرے گی -
فواد معصوم نے کہا کہ عراقی عوام ان دنوں دہشت گردوں کے خلاف اپنی فوج کی شاندار فتوحات اور ملک کے دفاع میں اس کی قربانیوں پر فخر کر رہے ہیں - عراقی صدر نے کہا کہ حالیہ فوجی کارروائیوں کے دوران فوج کی اہم ترین کامیابی یہ رہی ہے کہ اس پرعوام کا اعتماد دوبارہ بحال ہوگیا ہے - اس کے علاوہ فوج پوری طرح سے اپنے عوام کا دفاع اور اہم شہروں کو آزاد کرانے میں کامیاب رہی ہے -انہوں نے کہا اگر اس زاویہ نگاہ سے دیکھا جائے تو فوج اورعوام کے درمیان رشتہ بہت ہی مضبوط ہوا ہے -
واضح رہے کہ عراقی فوج نے پچھلے ہفتوں کے دوران ملک کےمختلف شہروں منجملہ الرمادی میں دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ میں بڑی اور فیصلہ کن کامیابیاں حاصل کی ہیں - یہ ایسی حالت میں ہے کہ داعش کے ٹھکانوں پرعراقی فضائیہ کے تازہ ترین حملوں میں کم سے کم دو سو دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں -
عراق میں سیکورٹی فورس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ الرمادی کے مغرب میں داعش کے ٹھکانوں پر عراقی فوج کے حملوں میں ڈھائی سو دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ اس کارروائی میں دہشت گردوں کے بھاری ہتھیار بھی تباہ ہوگئے ہیں -
قابل ذکرہے کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے جنگی معاملات کے شعبے کا سربراہ بھی صوبہ الانبار کے علاقے بروانہ میں ہلاک ہو گیا ہے - داعش کے نام نہاد وزیرجنگ کا نام ثامر محمد مطلوب حسین المحلاوی بتایا گیا ہے عراق کے ایک قبائلی ذریعے نے بتایا کہ قبائلی فورس نے المحلاوی کے مکان کا پتہ لگا کر اس کی اطلاع سیکورٹی فورس کو دی اور پھرعراقی فضائیہ کے طیاروں نے اس کے مکان پر حملہ کرکے اس کو ہلاک کر دیا - عراق میں ذرائع کا کہنا ہے کہ الرمادی شہر کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لئے جانےکے بعد موصل میں موجود داعش کے عناصر اور سرغنوں پر زبردست وحشت طاری ہوگئی ہے