Apr ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • قطر، سعودی عرب اور ترکی دہشت گردوں کے حامی ہیں، شام

شام نے ایک بار پھر کہا ہے کہ قطر ، سعودی عرب اور ترکی دہشت گردوں کی حمایت کر رہے ہیں۔

سیاسی امور میں شام کے صدر کی مشیر بعثینہ شعبان نے امریکی چرچ کونسل کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قطر، سعودی عرب اور ترکی شام میں سرگرم دہشت گردوں کی مالی اور اسلحہ جاتی حمایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے شام کے بحران کے بارے میں مغربی ذرائع ابلاغ کے کردار پر بھی کھل کر تنقید کی اور کہاکہ یہ ادارے آزاد نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خود کو آزاد کہنے والے مغربی ذرائع ابلاغ نے بھی بحران شام کو ہوا دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

بعثینہ شعبان نے دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی کامیابیوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت پر قابو پانے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شام میں مسلمان اور عیسائی برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ آباد ہیں اور ان کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔ شامی صدر کی مشیر نے کہا کہ ان کی حکومت ملک کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازشوں کو ناکام بنا دے گی۔

امریکی چرچ کونسل کے رکن مارلین پوریسٹ نے اس ملاقات میں امید ظاہر کی کہ شام میں جلد از جلد امن اور استحکام قائم ہوگا اور اس ملک کے عوام امن و سکون کی زندگی گزار سکیں گے۔

ٹیگس