افغانستان: صوبہ ننگرہار میں بم دھماکہ
افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں ایک بم دھماکہ ہوا ہے۔
خامہ پریس کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان میں نیٹو مشن کے دفتر نے کہا ہے کہ صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد میں سڑک کے کنارے نصب ایک بم پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم دو امریکی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔ افغانستان میں نیٹو مشن کے دفتر کا مزید کہنا ہے کہ نیٹو کے فوجی ایک گاڑی میں افغان فوجیوں کے ساتھ مشترکہ مشن پر تھے کہ ان کی گاڑی سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکڑا گئی جس کے نتیجے میں ایک زور دار دھماکہ ہوا۔
اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ مہینے بھی جلال آباد شہر میں نیٹو کے آپریشن کے دوران، پانچ امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے۔
ننگرہار کا شمار افغانستان کے ان صوبوں میں ہوتا ہے جہاں بدامنی پائی جاتی ہے۔ یہ صوبہ مشرقی افغانستان میں واقع ہے اور گزشتہ چند دنوں کے دوران اس صوبے میں دہشت گرد گروہ داعش اور افغان سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ اس صوبے میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کے باوجود اس کے بعض علاقے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے میں ہیں۔