Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۰۹:۳۱ Asia/Tehran
  • مسجد الحرام میں کرین حادثہ
    مسجد الحرام میں کرین حادثہ

حکومت پاکستان نے مسجدالحرام میں کرین کے حادثے میں چھے پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے تصدیق کردی ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق ریاض میں پاکستانی سفارت خانے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مسجد الحرام میں کرین حادثہ میں چھ پاکستانی عازمین حج بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔
اس سے پہلے عرب ذرائع ابلاغ نے کرین کے حادثے میں پندرہ پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی خـبر دی تھی تاہم پاکستانی حکام نے اس کی تردید کی ہے۔
پاکستانی سفارتخانے کے مطابق، اس وقت مکے کے تین مختلف اسپتالوں میں چھتیس پاکستانی زیر علاج ہیں۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ کو طوفان کی وجہ سے پیش آنے والے کرین کے حادثے میں ایک سو سات افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ تین سو اڑتیس افراد زخمی بتائے جاتے ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے حادثے کے وقت پاکستان، ہندوستان، بنگلہ دیش اور ایران سمیت دیگر ممالک کے تیس ہزار عازمین حج مسجد الحرام میں موجود تھے۔
ادھر "مڈل ایسٹ پینوراما" ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام میں گرنے والی کرین کا تعلق سعودی بادشاہ کے بیٹے محمد بن سلمان کی کمپنی        " نسما" سے ہے-
محکمہ موسمیات نے شدید طوفانی بارش کے بارے میں خبردارکردیا تھا، لیکن نسما کمپنی نے اس انتباہ پرکوئی توجہ نہیں دی۔ کہا جارہا ہے کہ مسجد الحرام میں گرنے والی کرین سب سے بڑی کرین تھی اور اس کرین سے کافی عرصہ پہلے کام لینا بند کردیا گیا تھا، لیکن نسما کمپنی نے زیادہ خرچ آنے کے باعث اسے ہٹانے سے گریز کیا۔

ٹیگس