Dec ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۴:۳۶ Asia/Tehran
  • پاکستان ، افغان امن مذاکرات کی میزبانی کے لئے تیار ہے: ملیحہ لودھی
    پاکستان ، افغان امن مذاکرات کی میزبانی کے لئے تیار ہے: ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے، افغان امن مذاکرات کے ایک اور دور کی میزبانی کیلئے اپنے ملک کی آمادگی کا اعلان کیا ہے-

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہ ان کا ملک افغان امن مذاکرات کے ایک اور دور کی میزبانی کیلئے تیار ہے کہا کہ اس کیلئے ضروری ہے کہ کابل میں پاکستان مخالف بیان بازی ختم کی جائے۔

ملیحہ لودھی نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ افغان حکومت کو چاہیے کہ وہ طالبان جنگجووں سے بات چیت کی میزبانی کیلئے باقاعدہ طور پر پاکستان سے درخواست کرے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی حملوں، تنازعات اور داخلی خانہ جنگی کی وجہ سے افغان عوام کو بہت نقصان اٹھانا پڑا، اسی لیے وہ بہتر مستقبل کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں فوجی حل کامیاب ثابت نہیں ہوا اور مستقبل میں بھی یہ ناکام ہوگا اور آج عالمی طاقتیں بات چیت سے حاصل ہونے والے امن کے حق میں ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نےسات جولائی دو ہزار پندرہ کو چین اور امریکا کے نمائندوں کی موجودگی میں کابل اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی تھی۔ مذاکرات کا دوسرا دور اکتیس جولائی کو شیڈول تھا لیکن ملا عمر کے انتقال کی خبر اور اس کے نتیجے میں افغان طالبان کی قیادت کے مسئلے  کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

ٹیگس