پاکستان میں تین روز کے عام سوگ کا اعلان
Dec ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۰:۰۲ Asia/Tehran
پاکستان میں پاراچنار کے علاقے میں شیعہ مسلمانوں کے ہونے والے قتل عام کے بعد مجلس وحدت مسلمین نے تین روز کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس نے پاراچنار کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کے اس واقعے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے مرکز پاراچنار میں اتوار کے روز بازار میں ہونے والے ایک دہشت گردانہ بم دھماکے میں کم از کم پچّیس شیعہ مسلمان شہید اور پچہتّر دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دہشت گرد گروہ لشکر جھنگوی نے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
پاکستان کے سیکورٹی اہلکار اب تک اس بم دھماکے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کرچکے ہیں۔