Jan ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۸:۲۶ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیر اعظم کا دورہ ایران و سعودی عرب

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے کی غرض سے پیر کو سعودی عرب اور ایران کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف پیر کو سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ سعودی بادشاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کریں گے۔

پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وزیر ا‏عظم پاکستان نواز شریف منگل کو تہران جائیں گے جہاں وہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے بات چیت کریں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ اس دورے میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف بھی ہوں گے۔

پاکستان، کہ جس کے ایران اور سعودی عرب دونوں سے قریبی تعلقات ہیں، ان ملکوں میں شامل ہے، جنھوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔ دو ہفتے قبل سعودی عرب کے ممتاز عالم دین آیت اللہ باقر نمر کی مظلومانہ شہادت کے خلاف تہران اور مشہد میں سعودی سفارتی مراکز کے باہر ہونے والے مظاہروں کو بہانہ بنا کر سعودی حکومت نے ایران سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لینے کا اعلان کر دیا تھا۔

سعودی حکومت نے یہ اقدام ایک ایسے وقت کیا تھا جب تہران اور مشہد میں سعودی سفارت خانے اور قونصل خانے پر بعض خود سر مظاہرین کے حملے کی ایران کے سبھی اعلی حکام نے پہلے ہی مذمت کی تھی اور اس سلسلے میں متعدد افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا تھا۔

ٹیگس