پاکستان: کراچی میں ایم کیو ایم کی علامتی بھوک ہڑتال
پاکستان کے شہر کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ ایم کیو ایم نے پارٹی کے سربراہ کی تصویر اور تقریر پر پابندی کے خلاف چار روزہ علامتی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
کراچی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم کے لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے سربراہ کی تصویر اور تقریر پر پابندی کے معاملے پر ان کی پارٹی نے چار روزہ علامتی بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انیس سے بائیس فروری تک کراچی پریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتال کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے لیڈران، اراکین پارلیمنٹ اور کارکنان صبح گیارہ بجے سے رات گیارہ بجے تک علامتی بھوک ہڑتال میں شرکت کریں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ آئندہ احتیاط کی جائے گی تاکہ بلاوجہ ملک دشمنی کے الزامات نہ لگیں۔
انہوں نے آئین کی دفعہ انیس کے تحت ایم کیو ایم کے سربراہ کی تقریر اور تصویر پر عائد پابندی کو ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا۔