پاکستان: نوازشریف کا جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان
پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے پنامہ پیپر کے معاملے پر ایک اعلیٰ سطح کا جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو اپنے ایک نشری خطاب میں انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں قائم کیا جائے گا، جو اس معاملے کی تحقیقات کر کے حقائق سامنے لائے گا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی مقاصد کے لئے میرے خاندان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، زندگی میں پہلی بار ذاتی وضاحت کے لئے پیش ہوا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ادوار میں اتفاق فاؤنڈری کو ختم کرنے کی کوششوں کے باوجود ہم نے اپنے اوپر واجب الادا پونے چھے ارب روپے کے قرضے ادا کئے ہیں۔
انہوں نے دعوی کیا کہ اب ہمارے اوپر کسی بینک کا ایک پائی بھی باقی نہیں۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کو مسترد کر دیا۔
واضح رہے کہ پنامہ پیپر میں پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف کے خاندان پر مالی بدعنوانیوں کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔