نواز حکومت دہشت گردی کی روک تھام کے بجائے، بدعنوانیوں کے الزام دھونے میں مصروف ہے، ایم ڈبیلو ایم
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ نواز حکومت دہشت گردی کی روک تھام کے بجائے، بدعنوانیوں کے الزام دھونے میں مصروف ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی حکومت نے شیعہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف دہشت گردی پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مجلس وحدت مسلمین کے مطالبات کا بھی کوئی جواب نہیں دیا بلکہ اس حکومت کی ساری توجہ پنامہ لیکس میں لگائے گئے الزامات کو دھونے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ملک کے سیکورٹی اداروں کے بعض اہلکار بھی شیعہ مسلمانوں کے خلاف حملے کرنے والے تکفیری دہشت گردوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان شیعہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرے اور دہشت گردی کا ارتکاب کرنے والوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے کہا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوجاتے وہ اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔
قابل ذکرہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال سولھویں دن میں داخل ہوگئی ہے۔ وہ حکومت سے پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ اور دیگر اقلیتوں کے خلاف دہشت گردانہ حملے رکوانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔