Jul ۲۹, ۲۰۱۶ ۲۱:۰۴ Asia/Tehran
  • پاکستان کے الیکش کمیشن نے وزیراعظم کو نوٹس جاری کردیا

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پاناما لیکس تحقیقات کو آگے بڑھانے کا اعلان کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے الیکشن کمیشن نے مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے پاناما لیکس سے متعلق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف دائردرخواستوں کی سماعت کیلئے تاریخ مقررکردی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم پاکستان اور فریق پارٹیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین اگست کو طلب کرلیا ہے۔ کہاجارہا ہے کہ پاکستان کا الیکشن کمیشن وزیراعظم کےخلاف ایک ساتھ چاردرخواستوں کی سماعت کرے گا۔

پاکستان پیپلزپارٹی،تحریک انصاف ،عوامی مسلم لیگ اور پاکستان عوامی تحریک نے الیکشن کمیشن میں وزیراعظم نواز شریف کے خلاف درخواستیں دائرکر رکھی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کے نام سامنے آنے کے بعد پاکستان کی بڑی جماعتوں نے ان سے استعفی دینے اور معاملے کی غیرجانبدارانہ چھان بین کا مطالبہ کیا تھا۔

پاکستان کے وزیراعظم نے ایک اعلیٰ سطح کا تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس کمیشن کے ضابطہ کار پرحکومت اور حزب اختلاف کی جماعتوں میں اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔

ٹیگس