Sep ۳۰, ۲۰۱۶ ۰۷:۵۶ Asia/Tehran
  • ہندوستانی ہائی کمشنر کی پاکستانی وزارت خارجہ میں طلبی، دو پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت پر شدید احتجاج

پاکستان نے اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے دو پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے اس موقع پر احتجاجی مراسلہ بھی ہندوستانی ہائی کمشنر کے حوالے کیا جس میں کہا گیا کہ ہندوستان نے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جس سے خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور وہ عالمی قوانین کے تحت پابند ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فورسز نے بھمبر ، کیل ہاٹ سپرنگ اور لیپہ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی جس سے دو پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے ۔ پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فورسز نے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ شہری آبادیوں کو بھی نشانہ بنایا جس سے کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی موجود ہے اور ہندوستان نے کنٹرول لائن پر سرجیکل اسٹرائیک کرنے کا دعوی بھی کیا ہے جسے پاکستان نے مسترد کر دیا ہے۔

درایں اثنا پاکستان نے دعوی کیا ہے کہ اس نے کنٹرول لائن سے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں دراندازی کرنے والے ایک ہندوستانی فوجی کو گرفتار کر لیا ہے۔ جبکہ ہندوستان کا کہنا ہے کہ اس کا ایک فوجی غلطی سے کنٹرول لائن پار کر گیا تھا جس کی واپسی کے لیے طریقہ کار موجود ہے اور اس سلسلے میں پاکستانی حکام سے رابطہ کیا گيا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کا کہنا ہے کہ ہندوستان نے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے اس کے دو فوجی ہلاک اور نو زخمی ہوئے جبکہ پاکستانی فوج نے جوابی کارروائی میں کئی ہندوستانی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔

ٹیگس