Oct ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۰:۰۵ Asia/Tehran
  • پاناما لیکس ، سپریم کورٹ کا وزیراعظم سمیت دیگر فریقوں کو نوٹس

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاناما لیکس پر وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر فریقوں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاناما لیکس پر وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر فریقوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواستوں کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ اٹارنی جنرل اور تمام فریقوں کو سن کر کریں گے۔

سپریم کورٹ میں پاناما لیکس پر جوڈیشل کمیشن نہ بنانے سے متعلق درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ سپریم کورٹ نے اس سلسلے میں متعلقہ فریقوں کو نوٹس جاری کر دیے۔ اگلی سماعت دو ہفتے بعد ہو گی۔

سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کے حوالے سے دائر درخواستوں کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم کو نوٹس جاری کرنا بادشاہ کو قانون کے نیچے لانے کے لئے پہلا قدم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی جمہوریت اور ملک کے مستقبل کے لئے بہت ہی خوش آئند بات ہے، جب بھی یہ کیس شروع ہو گا تو قوم کے سامنے وہ ساری چیزیں سامنے آئیں گی جو آج تک چھپائی گئی تھیں۔

عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نے خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کا کہا لیکن پیش نہیں کیا، اصولاً تو انہیں پارلیمنٹ میں جواب دینا چاہیئے تھا لیکن جب پارلیمنٹ نے اپنا کردار ادا نہیں کیا تو شکر ہے کہ سپریم کورٹ نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے وزیراعظم کو طلب کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر انصاف کے ریاستی اداروں جیسے نیب، ایف آئی اے، ایس ای سی پی، ایف بی آر جیسے اداروں کو متحرک ہونا چاہیئے تھا لیکن ان اداروں نے کچھ بھی نہیں کیا، جب کسی معاملے پر انصاف نہ ملے تو پر امن احتجاج ایک سیاسی جماعت کا حق ہے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا اور یہ احتجاج پورے پاکستان کے انصاف کے اداروں اور وزیراعظم کے خلاف ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہمارے احتجاج کو اور بھی زیادہ تقویت ملے گی۔

دوسری جانب سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کی سماعت سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ غلط گوشوارے جمع کرانے پر وزیراعظم کو نااہل قرار دیا جائے ۔ ان کا کہنا تھاکہ حکمران نیشنل سیکورٹی کے معاملے پر بھی رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں ، اب پرویز رشید کی قربانی دیں یا نہ دیں ، بیس کروڑ لوگوں کا کیس خود لڑوں گا۔

ٹیگس