Nov ۰۶, ۲۰۱۶ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • ایران کے راستے پاکستانی زائرین کی عراق روانگی

پاکستان میں ایران کے سفارتی مراکز نے اعلان کیا ہے کہ اربعین حسینی کی عزاداری میں شرکت کے لئے عراق روانگی سے متعلق ایران، پاکستانی زائرین کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کے لئے مکمل آمادہ ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی زائرین نواسۂ رسولۖ حضرت امام حسین (ع) اور دیگر شہدائے کربلا کے چہلم کی عزاداری میں شرکت کے لئے خود کو آمادہ کر رہے ہیں اور پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور اسی طرح کوئٹہ، کراچی، لاہور اور پشاور میں ایران کے سفارت خانے اور قونصل خانے پاکستانی زائرین کی ایران کے راستے عراق روانگی کے لئے تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔

پاکستان سے عراق کے لئے براہ راست کوئی پرواز نہ ہونے کی بناء پر پاکستانی زائرین کی ایک بڑی تعداد ایران کے راستے عراق جاتی ہے۔ پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے کہا ہے کہ پاکستانی زائرین کو ویزا اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لئے سفارتی کارکنوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستانی زائرین کے لئے ہر سال ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد ایران کے ویزے جاری کئے جاتے ہیں جو ایران اور عراق میں زیارات کے لئے ان ملکوں کا سفر کرتے ہیں اور ایران کے راستے عراق میں داخل ہوتے ہیں۔

ٹیگس