پاکستان: بے گناہوں کا قتل عام کیا، لشکر جھنگوی کے ایک سرغنہ کا اعتراف
پاکستان میں لشکر جھنگوی کے ایک گرفتار شدہ سرغنہ نے صوبے سندھ میں بے گناہ عام شہریوں کا قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں لشکر جھنگوی کے ایک سرغنہ حافظ عمر نے تفتیش کے دوران اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس نے کراچی میں فائرنگ کر کے چھے افراد کا قتل کیا ہے۔ پاکستان میں لشکر جھنگوی کے اس سرغنہ کو ایسی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے کہ دہشت گرد گروہ سپاہ صحابہ کے سرکردہ افراد کے ساتھ اس ملک کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی کی ملاقات پر حزب اختلاف کی جماعتوں نے سخت احتجاج کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی جیسے تکفیری دہشت گرد گروہ، اس ملک کے مختلف شہروں میں بدامنی پیدا کرنے اور سیکڑوں کی تعداد میں پاکستان کے عام شہریوں منجملہ شیعہ مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث رہے ہیں۔ شہر کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ کالج پر لشکر جھنگوی کے حالیہ حملے میں بھی کم از کم پچاسی افراد جاں بحق اور ایک سو بیس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔