پاکستان کشیدگی سے پاک بحر ہند کا خواھاں
پاکستان کےمشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کشیدگی سے پاک بحر ہند چاہتا ہے۔
پاکستان کے صنعتی شہرکراچی میں میری ٹائم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز اور ملاکا، بحر ہند کے راستے کی اہم ترین گزرگاہیں ہیں اور 30 ممالک بحرہند کے خطے سے جڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری ٹائم سیکیورٹی بحرہند کے خطے کے ملکوں کی سلامتی سے براہ راست تعلق رکھتی ہے، خطے میں اہم تبدیلیاں ہو رہی ہیں اور پاکستان بحر ہند کا تیسرا اہم ملک ہے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ دنیا میں تیل و گیس کے 30 فیصد ذخائر بحر ہند کے خطے میں ہیں اور پاکستان کی تجارت کا بڑا حصہ بحر ہند سے ہو کر ہی گزرتا ہے اس لئے بحر ہند کا خطہ سیاسی اور معاشی لحاظ سے انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشیدگی سے پاک بحری ہند چاہتا ہے تاکہ اس خطے پر دارومدار رکھنے والے ممالک باآسانی تجارت کو فروغ دے سکیں۔