Feb ۲۸, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میںECO کی وزارتی کونسل کا اجلاس

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کی وزارتی کونسل کا اجلاس جاری ہے جس سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے خطاب کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے آج صبح اپنے خطاب میں کہا کہ علاقائی ممالک کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے کے لئے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کا پلیٹ فارم نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

اسلامي جمہوريہ ايران کے وزير خارجہ ای سی او وزراتی کونسل کے 22 ويں اجلاس ميں شرکت کے لئے گزشتہ رات پاکستان پہنچےتھے ۔ انہوں نے اپنی آمد کے بعد کہا کہ ای سی او خطے اور ايشيا کی پرانی تنظيم ہے جس کا اہم مقصد رکن ممالک کے درميان باہمی اقتصادی سرگرميوں کو فروغ دينا ہے.

انہوں نے مزيد کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ای سی او تنظيم کے رکن ممالک موجودہ مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی مفادات کے حصول کے لئے مشترکہ سرگرميوں کو مزيد فروغ ديں.

اس موقع پر انہوں نے پاکستان،ايران ديرينہ تعلقات کا حوالہ ديتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرنے کا ايک اور موقع ملنے پر خوش ہوں. دونوں برادر اور اسلامی ممالک کے درميان قريبی تعلقات قائم ہيں.

پاکستان کےمشیر خارجہ سرتاج عزیز نے آج صبح اقتصادی تعاون تنظیم کی وزارتی کونسل کا چیئرمین منتخب ہونے کے موقع پر کہا کہ ای سی اومیں خطے کومربوط بنانےکی بھرپورصلاحیت ہے، ای سی او ہمالیہ سے بحرعرب اور بحر یورال تک پھیلا ہوا ہے۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ای سی او میں ٹرانسپورٹ ،تجارت ،توانائی وسائل کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے،ای سی اومیں باہمی تجارت میں حائل رکاوٹوں کودورکرناہوگا، رکن ممالک باہمی مفادات رکن ملکوں تک پہنچانے کیلئے کام کریں۔

سرتاج عزیز نے مزید کہا کہ رکن ملکوں میں رابطوں کے فروغ سے خطے میں خوشحالی آئےگی، ای سی او میں پبلک پرائیوٹ شراکت بہتر بنانے کی ضرورت ہے، تجارتی معاہدوں پر عمل درآمد میں رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امید ہے اقتصادی راہداری سے ای سی او رکن ملکوں کو فائدہ ہوگا،انسانی وسائل کی ترقی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی ۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے جاری اجلاس میں ایران اورترکی سمیت 10 رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔

اقتصادی تعاون تنظيم (ECO) کے 13ويں سربراہی اجلاس کا آغازکل يکم مارچ 2017 سے اسلام آباد ميں ہو گا جس میں

ایران اورترکی کے صدورشرکت کریں گے اور افغانستان کے سفیر نما یندہ خصوصی کے طور پر اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ وزیراعظم نوازشریف ای سی او اجلاس میں پاکستان کی نمایندگی کریں گے۔

اسلامي جمہوريہ ايران کے دارالحکومت تہران ميں 26 نومبر 2013 کو ای سی او وزراتی کونسل کا 21 واں اجلاس منعقد ہوا تھا.

 

ٹیگس