دہشت گردی کے خلاف آپریشن ردالفساد جاری
پاکستان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں پرعزم ہیں جب کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے آپریشن ردالفساد جاری رہے گا۔
اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس کے شرکا نے آپریشن ردالفساد کو عوامی امنگوں کا آئینہ دار قرار دیتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دیں اور دہشت گردوں کے ملک سے بلا امتیاز خاتمے کے لیے ہم اپنے عزم پر قائم ہیں جب کہ آپریشن دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی امنگوں کاعکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں اور اسٹیک ہولڈرز پرعزم ہیں لہذا فریقین کے اتفاق رائے سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ کیا جائے گا۔
اس اجلاس میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، وزیرداخلہ، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سمیت ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملکی سلامتی، سیکیورٹی اور آپریشن ’ردالفساد‘ پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور آپریشن کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا۔