Mar ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۷ Asia/Tehran
  • قطری وزیراعظم اور پاکستانی آرمی چیف کی ملاقات

پاکستانی آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی جس میں سیکیورٹی اور دفاع سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطری وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی۔ ہونے والی ملاقات میں قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان قطر کا قابل اعتبار دوست ملک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قطر کےعوام پاکستان کے عوام کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور ہر مشکل میں ان کی قطر کے لئے مدد پر اعتماد کرتے ہیں ۔ انہوں نے پاکستان آرمی سے سیکیورٹی کے حوالے سے تجربات سے استفادہ کرنے اور قطر میں آئندہ فٹبال ورلڈ کپ کے حوالے سے افرادی قوت کی خواہش کا اظہارکیا ۔ قطری وزیر اعظم نے سائبر سیکیورٹی، دفاعی پیداوار اور سفری سہولیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے قطری وزیراعظم کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں تمام شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔  جنرل قمرجاوید باجوہ نے قطری بری فورسز کے کمانڈر میجرجنرل محمد علی غنیم سے بھی ملاقات کی، آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل محمد علی غنیم کے ساتھ ملاقات میں قطری کمانڈر لینڈ فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کارکردگی کو سراہا اور مشترکہ تربیتی اور فوجی مشقوں کی خواہش کا اظہار کیا ۔

 

ٹیگس