پاکستان میں دہشت گردی پر ہیومین رائٹس واچ کی تشویش
طالبان اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے حملوں کی وجہ سے پاکستان میں تعلیم کے شعبے پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
ہیومین رائٹس واچ ایچ آر ڈبلیو کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان اور دیگر دہشت گردوں نے پاکستان میں تعلیمی اداروں پر متعدد بار مہلک حملے کیے ہیں۔
اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسے حملے اس لیے ہوتے ہیں کیوں کہ یا تو عہدیدار دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں یا پھر انھیں باقاعدہ سزا دلوانے میں ناکام ہوتے ہیں۔
ہیومین رائٹس واچ کی طرف سے حکومت سے کہا گیا کہ وہ اسکولوں کی عمارتوں کو محفوظ بنانے کے علاوہ تعلیمی اداروں، طالب علموں اور اساتذہ پر حملہ کرنے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔
واضح رہے کہ پاکستانی حکام یہ کہتے رہے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف کوئی تفریق نہیں کی جا رہی ہے اور انھیں سزائیں دلوانے کے لیے سویلین حکومت نے فوجی عدالتیں تک بنائیں تاہم پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کا کہنا ہے کہ حکومت دہشتگردوں کے خلاف سنجیدہ کارروائی نہیں کررہی ہے جس کی وجہ سے اس ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اس لئے دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔