شام کے مسئلے کے پُرامن حل پرتاکید
علامہ سید سبطین حیدرسبزواری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ شام کے مسئلے کے پُرامن حل کے لئے اقدام کرے۔
شیعہ علماء کونسل پنجاب پاکستان کے صدرعلامہ سید سبطین حیدرسبزواری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شام کے مسئلے کے پُرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری نے تنازع حل کرنے کی طرف توجہ نہ دی تو عالمی سطح پر مزید بدامنی پیدا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ خود عرب ممالک نے شام کے مسئلے میں فریق بن کر اسلام دشمن قوتوں کو دراندازی کا موقع دیا، غیر ملکی مداخلت اور دہشتگرد تنظیموں کی مدد سے شامی حکومت کو زبردستی ہٹانے کی سازش کی گئی، جس میں وہ اب تک ناکام رہے ہیں۔
علامہ سید سبطین حیدرسبزواری نے کہا کہ زہریلی گیس کے سانحہ کے بعد امریکی کروز میزائل حملوں سے عرب ممالک کی آنکھیں کھل جانی چاہیں کہ استعماری طاقتیں اُمت مسلمہ کی تباہی کے لئے کمر بستہ ہو چکی ہیں۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ پاکستان کو اپنی غیر جانبدارانہ حیثیت کو برقرار رکھنا چاہئے، اُمت مسلمہ کے تنازعات میں جانبدارانہ رویہ اختیار کیا گیا تو نقصان اسلام اور مسلمانوں کا ہوگا اس لئے کہ پہلے ہی دنیا فرقہ واریت اور دہشتگردی کا شکار ہے۔