شام، عراق و یمن میں حق و باطل کا معرکہ
پاکستان کے شیعہ اور اہلسنت علماء نے کہا ہے کہ شام، عراق، یمن اورافغانستان میں حق و باطل کا معرکہ جاری ہے۔
اُمت واحدہ پاکستان، جامع قرآن ناطق اوراہلبیت اکیڈمی لاہور کے زیراہتمام ایوان اقبال لاہور میں منعقد ہوئی کانفرنس سے پاکستان کے ممتاز عالم دین علامہ امین شہیدی، سید اُسامہ بخاری، مفتی گلزار نعیمی، ہندو اسکالر کانجی رام، وقاص صدیقی ، صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری، تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ، اور تمام مسالک کے علما کرام نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ دنیا میں حق و باطل کے درمیان جاری معرکہ اس وقت شام، عراق، یمن اور افغانستان میں نظر آرہا ہے، وہ وقت قریب ہے کہ جب فتح حق اور مظلوم قوموں کو نصیب ہوگی اور ظلم ان شاءاللہ سرنگوں ہوگا۔
شیعہ اور سنی علماء نے کہا آج ہمیں اتحاد و یگانگت کی ضرورت ہے، آج سے 14 سو سال پہلے نبی کریمؐ نے حضرت امام مہدی (عج) کے ظہور کا اعلان کیا تھا، آج پوری قوم اور اُمت مسلمہ امام مہدیؑ کے ظہور کا انتظار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا پرچم ہمیشہ بلند رہے گا، اہلبیت کی لازوال قربانیوں سے اسلام ہمیشہ ہمیشہ کے لئے زندہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا وعدہ ہے کہ زمین کو وہ اپنے صالح بندوں کے حوالے کرے گا اورجب حضرت امام مہدیؑ کا ظہور ہوگا، تمام فرقے، تمام مسالک ختم ہو جائیں گے اور پوری دنیا پر صرف اللہ کا دین اسلام حاکم ہوگیا۔
مقررین نے کہا کہ موجودہ بادشاہوں اور ظالم نظاموں کا خاتمہ قریب ہے۔ اس موقع پرعلامہ امین شہیدی نے کہا کہ ہمیشہ تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ہے، دشمن ہمارے اندر تفرقہ پیدا کرکے ہمیں آپس میں لڑانا چاہتا ہے لیکن دشمن کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔