Jul ۰۹, ۲۰۱۷ ۰۸:۲۸ Asia/Tehran
  • جے آئی ٹی رپورٹ تسلیم نہیں: پاکستان کے وفاقی وزراء

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ قطری شہزادے کی رپورٹ کو جے آئی ٹی کا حصہ نہ بنایا گیا تو اس رپورٹ کو تسلیم نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل کا طریقہ کار، تشکیل اور ارکان کا انتخاب روز اول سے ہی متنازعہ رہا، جے آئی ٹی مان گئی کہ تصویر ان سے لیک ہوئی لیکن ذمہ دار کا نام نہیں بتایا گیا جب کہ جے آئی ٹی میں لوگوں پر بیان بدلنے کے لیے دباو ڈالا گیا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا گیا تھا ایف آئی اے جے آئی ٹی کی سربراہی کرے گی لیکن اب تو خبر آگئی ہے کہ حساس ادارے کے پاس جے آئی ٹی کا کنٹرول ہے جبکہ اب تک حساس ادارے کی جانب سے اس کی تردید نہیں آئی، خبر کے مطابق کنٹرول عدالتی حکم کے تحت دیا گیا اور اس کیس میں ہمیں انصاف ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں عامر عزیز کا نام سامنے آنے سے مسائل پیدا ہوئے جب کہ جے آئی ٹی نے وزیراعظم کے کزن طارق شفیع کے ساتھ برا رویہ اپنایا۔

وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم گھبرانے والے نہیں، عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے لیکن فیصلہ صرف انصاف پر مبنی ہی قبول کیا جائے گا۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی تمام آڈیو وڈیو ریکارڈنگ کو ٹیلی ویژن پر دکھایا جائے جس کا خرچ ہم برداشت کریں گے، عوام کو بتایا جائے کہ وزیراعظم اور دیگر افراد سے کیا سوالات ہوئے اور ان کے کیا جوابات دیے گئے، پاکستان کے 20 کروڑ عوام سب سے بڑی جے آئی ٹی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطری خط کی تصدیق کے لیے جے آئی ٹی دوحہ کیوں نہیں جاتی، قطری خط کی تصدیق نہ کرنا ناانصافی ہوگی جب کہ ماضی میں بے نظیر قتل کیس میں مارک سیگل سے امریکا میں بیان ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ پرویز مشرف سمیت کئی اور مثالیں بھی موجود ہیں جہاں بیرون ملک ٹیمیں گئیں، اگر قطری شہزادے کی شہادت نہ لی گئی تو جے آئی ٹی رپورٹ کو تسلیم نہیں کریں گے۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انتخابات کے ذریعے عمران خان کا وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہوا تو انہوں نے عدالتی کندھا استعمال کرنا شروع کردیا۔

دوسری جانب وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ان کا گیم ختم اور کیس اوور ہو چکا ہے، یہ سب ٹوپی ڈرامہ کر رہے ہیں، ان کے کاغذات جعلی ہیں، جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی تھی جو دو دن بعد ختم ہو جائے گی مگر یہ لوگ فیصلے سے پہلے ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں مگر ہمیں سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ قبول ہوگا۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آج کی پریس کانفرنس کے بعد شریف خاندان پر مسترد کا ٹھپہ دیکھ رہا ہوں۔

ٹیگس