پاکستان، ایف سی کی چیک پوسٹ پرحملہ 2 حملہ آور ہلاک
ذخہ خیل میں ایف سی کی چیک پوسٹ پرحملہ ناکام بنا دیا گیا جب کہ جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور ہلاک کردیئے گئے۔
خیبرایجنسی میں لنڈی کوتل کے علاقے ذخہ خیل میں ایف سی کی چیک پوسٹ پرخودکش حملہ آوروں نے حملہ کرنے کوشش کی اور سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ ایف سی کی جانب سے جوابی کارروائی میں دونوں خودکش حملہ آور ہلاک ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے جب کہ سکیورٹی فورسزکی جانب سے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کرآپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ یکم جولائی کو بھی خیبر ایجنسی میں نصب بارودی مواد کے دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
خیبر ایجنسی افغان سرحد کے ساتھ پاکستان کے قبائلی علاقے میں وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں سے ایک ہے.
پاک افغان سرحد پر ان قبائلی علاقوں میں فوج متعدد آپریشنز کر چکی ہے جس کے بعد یہاں سکیورٹی صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔
خیبر ایجنسی میں گزشتہ 2 برس میں 2 آپریشن خیبر- ون اور خیبر- ٹو کئے گئے جبکہ شمالی وزیرستان میں بھی جون 2014 میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا تھا اس کے بعد پورے پاکستان میں آپریشن ردالفساد شروع کیا گیا ہے۔