Jul ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں سیاسی منظرنامہ تبدیل

پاکستان میں وزیراعظم نوازشریف اپنے منصب سےسبکدوش ہوگئے اور کابینہ تحلیل کردی گئ ہے۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق میاں محمد نواز شریف بحیثیت وزیر اعظم اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوگئے اور وفاقی کابینہ تحلیل کردی گئی ہے۔
پاکستان سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دے کر فوری عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے۔

رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ کے تمام ججوں نے متفقہ طور پر نااہل قرار دیا ہے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق عدالت عظمی نے پچیس صفحات پر مشتمل ناپنے فیصلے میں وزیر اعظم نواز شریف، ان کے بیٹوں حسن اور حسین اور بیٹی مریم نواز، داماد کیپٹن صفدر حسین اور وزیر خزانہ اسحاق ڈارکے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا ہے۔
پاکستان سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ چھے ہفتے میں نیب کو ریفرنس بھیجا جائے، اور فیصلہ چھے مہینے میں کیا جائے۔ عدالت کے حکم کے مطابق نواز شریف کے خلاف لندن فلیٹس پر بھی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

پاناما کیس کے فیصلے کے پیش نظر اسلام آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی اور اہم مقامات، ریڈ زون اور سپریم کورٹ کے اطراف میں پولیس، رینجرز اور ایف سی کے تین ہزار اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کے گرد حفاظتی رکاوٹیں اورخاردار تار لگادیئے گئے تھے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم کی نااہلی کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے پاکستان بھر میں خوشیاں منائی گئیں اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

عدالتی فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج حق کی فتح ہوئی ہے۔

ٹیگس