پاکستان میں سیاسی ہلچل
پاکستان میں وزیراعظم کے انتخاب کے لئے مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے ہیں
پاکستان میں نوازشریف کو سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قراردئے جانے کے بعد قائد ایوان کا انتخاب منگل کو ہوگا - اس درمیان اپوزیشن کی جانب سے متفقہ امیدوار لانے کے لئے حزب اختلاف کے لیڈر خورشید شاہ نے بھی پارلیمانی پارٹیوں سے رابطے شروع کردئے ہیں - اس سے پہلے مسلم لیگ نون کی پارلیمانی کمیٹی نے شاہد خاقان عباسی کو عبوری اور شہباز شریف کو مستقل وزیراعظم بنانے کی منظوری دے دی تھی - اس درمیان اطلاعات ہیں کہ نوازشریف وزیراعظم ہاؤس خالی کرکے مری چلے گئے ہیں - نوازشریف نے مری پہنچنے کے بعد پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران کہا کہ انہوں نے کوئی کرپشن نہیں کی لیکن نااہلی کی وجہ سمجھ سے باہر ہے - دریں اثنا کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کے موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ شہبازشریف اور شاہد خاقان عباسی پر مقدمات درج ہیں جبکہ پاناما سے بڑا کیس حدیبیہ پیپرز ملز کا ہے -