Aug ۰۵, ۲۰۱۷ ۰۷:۵۱ Asia/Tehran
  • شیخ رشید پاکستان کےخودکش سیاستدان

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکمران انارکی پھیلانا چاہتے ہیں اور ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جا رہے ہیں لیکن میں مر جاؤں گا لال حویلی میں کسی کو داخل نہیں ہونے دوں گا۔

راولپنڈی کی لال حویلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پچھلے کئی روز سے (ن) لیگ کو کھٹک رہا ہوں، آج (ن) لیگ والوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کے جانے کے بعدلال حویلی پر حملہ کیا، یہ وہی ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ پر حملے کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر لفظی حملے ہو رہے ہیں اور مجھ پر ایسے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران انارکی پھیلانا چاہتے اور ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جا رہے ہیں، مرجاؤں گا لیکن لال حویلی میں کسی کو داخل نہیں ہونے دوں گا، میں خودکش سیاستدان ہوں اپنا تابوت کندھوں پر لیکر چلتا ہوں، اگر مارا جاؤں تو نواز شریف، شہباز شریف، کیپٹن صفدر اور عابد شیر علی ذمہ دار ہوں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اب کسی نے میرے ساتھ زیادتی کی تو میں بھی کال دوں گا، چند لوگ ہیں جنہوں نے ان چوروں سے مفاد حاصل کیے، وہ فضا خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں میں، ان چوروں اور ڈاکوؤں کے سامنے گردن نہیں جھکاؤں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاناما سے زیادہ مشکل کیس نیب ریفرنس کا ہو گا، اب یہ چاہتے ہیں کہ ان کے ریفرنسز نہ کھیلیں اس لئے مکا مکا کرنا چاہتے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ ایک این آر او بن جائے اور جان بخشی ہو جائے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے نواز شریف کی نااہلی کے بعد (ن) لیگ غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرعمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے نواز شریف کی نااہلی کے بعد (ن) لیگ غنڈہ گردی پر اترآئی ہے، مسلم لیگ (ن) اداروں اور سیاسی مخالفین پر حملے کر رہی ہے۔

انہوں نےلال حویلی میں شیخ رشید پر (ن) لیگیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیوں کو برداشت نہیں کریں گے۔

درایں اثناعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی جانب سے بدسلوکی پر تحریک استحقاق جمع کرادی ہے جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے واقعے کے خلاف ایوان کا واک آؤٹ کردیا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر حملے کی کوشش کی تھی جسے سیکیورٹی عملے نے ناکام بنا دیا تھا۔

 

ٹیگس