Aug ۱۲, ۲۰۱۷ ۰۷:۳۶ Asia/Tehran
  • پاکستان کے سابق وزیر اعظم کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں روشنیاں واپس لانے پر مجھے نااہل کر کے 20 کروڑ عوام کے ووٹ کی تذلیل کی گئی لیکن میں اب گھر بیٹھنے والا نہیں ہوں۔

گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مالک 20 کروڑ عوام نے مجھے وزیراعظم بنایا تھا اور آج نواز شریف کو ججز نے نکال دیا مگر مجھے صرف کاغذوں پر نکال دیا گیا لیکن آپ کے دلوں سے نہیں نکال سکے۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 70 سالوں سے یہ تاریخ رہی ہے جو بھی وزیراعظم آیا اس کو ذلیل کر کے نکالا گیا، پاکستان کا امن راس نہیں آیا، کیا 20 کروڑعوام کے ووٹ کی کوئی عزت ہے یا نہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ میں نے یہاں سی پیک شروع کیا جس سے لوگوں کو روزگار مل رہا ہے لیکن نااہلی کے اس طرح کے فیصلے ملک کو 50 سال پیچھے دھکیل دیتے ہیں جب کہ میں یہاں وزیراعظم بننے نہیں آیا اور نہ خود کو بحال کرنے آیا ہوں بلکہ پاکستان کی عزت اور وقار بحال کرانے آیا ہوں اور پاکستان کی یہ توہین مزید برداشت نہیں کریں گے، اس قت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک عوام کے ووٹ کا احترام  نہیں ہوتا۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ صدر نے مجھے فارغ کیا اور دوسری بار مشرف نے میری حکومت توڑی اور اس بار پانچ لوگوں نے وزیراعظم کو رسوا کرکے نکال دیا اور ایک بار پھر آپ کے ووٹ کو پاؤں تلے روندا گیا  ۔

انہوں نے کہا کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا نظام نہیں چل سکتا، تقدیر بدلنے کے لیے آپ کو نوازشریف کا ساتھ دینا ہوگا، کیا مجھے گھر بیٹھ جانا چاہیے یا ظلم کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

 

ٹیگس