Aug ۱۴, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۷ Asia/Tehran
  • شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت

پاکستان کی شیعہ اور سنی جماعتوں نے ایک بار پھر مذھب کے نام پر جاری ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آج جب پورا پاکستان آزادی کا جشن منا رہا ہے تو ہم ڈیڑہ اسماعیل خان میں جنازے رکھ کر غمگین بیٹھے ہوئے ہیں۔ تین روز قبل ہمارے دو افراد کو شہید کیا گیا، آج پھر دہشتگردوں نے ہمیں لاش کا تحفہ دیا۔ شہید وکیل شاہد شیرازی کے چچا کو آج گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ ہم اس ملک میں امن کی بات کرتے ہیں لیکن ہمیں جواب میں لاشیں دی جا رہی ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ گذشتہ تین دہائیوں سے یہ ملک دہشت گردی کا شکار ہے۔ ہم اس ملک میں امن کی بات کرتے ہیں، لیکن ہمیں جواب میں لاشیں دی جا رہی ہیں۔ کے پی کے کے وزیر اعلٰی ایک نااہل شخص ہے۔ ڈی آئی خان میں دہشت گردوں پر قابو پانے میں ناکامی ان کی نااہلیت کا بین ثبوت ہے۔ پاکستان کو بےرحمی سے لوٹنے والوں کو قانون و آئین کے مطابق گھر بھیجنے کے عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مریالی میں تکفیری دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے ایک اور پولیس اہلکار سید مظہرعباس شیرازی کو شہید کر دیا ہے۔ سید مظہر عباس شیرازی مریالی میں اپنے گھر کے باہر موجود تھے کہ گھر کی دہلیز پہ نامعلوم دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کی۔ ایک سے زائد گولیاں لگنے سے وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

واضح رہے کہ تکفیری دہشتگردوں  نےچوبیس گھنٹوں میں تین شیعہ پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا۔ شہید مظہرعباس کے بیہمانہ قتل کی تمام شیعہ تنظیموں نے شدید مذمت کی ہے اور ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات کے مجرموں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس