زائرین کی کوئٹہ واپسی کو ممکن نہیں بنایا جاسکا
مظاہرین نے کہا کہ اگر ان کی کوئٹہ واپسی کو جلد از جلد ممکن نہیں بنایا گیا تو آر سی ڈی شاہراہ کو غیر معینہ مدت تک بند کر دیں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران سے پاکستان واپس جانے والے پاکستانی زائرین نے تفتان میں احتجاج کرتے ہوئے آر سی ڈی شاہراہ کو بند کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہم گزشتہ 15 دنوں سے تفتان میں پڑے ہوئے ہیں اور سکیورٹی کانوائے کی تاخیر کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفتان میں ہر قسم کی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور کھانے پینے کی اشیاء بھی ختم ہوگئی ہیں۔
مظاہرین نے کہا کہ اگر ان کی کوئٹہ واپسی کو جلد از جلد ممکن نہیں بنایا گیا تو آر سی ڈی شاہراہ کو غیر معینہ مدت تک بند کر دیں گے۔
واضح رہے اس وقت پاک - ایران سرحدی شہر تفتان میں تین ہزار سے زائد زائرین پھنسے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر تفتان ظفر کبدانی نے کہا ہے کہ سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد ہم زائرین کو کوئٹہ کی جانب روانہ کر دیں گے۔ جب تک حکومت اور حساس اداروں کی جانب سے سکیورٹی کلیئرنس نہیں ملتی، ہم زائرین کو روانہ نہیں کرسکتے۔
دریں اثناء کوئٹہ کے امام جمعہ اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ زائرین کے مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور انہیں حفاظت کے ساتھ تفتان سے کوئٹہ پہنچایا جائے۔