امریکی دھمکی کے تناظر میں پاکستانی سفیروں کی کانفرنس جاری
امریکا کی نئی افغان پالیسی کے بعد درپیش چیلنجز، افغانستان سمیت علاقائی صورتحال اورکشمیر پر کیا حکمت عملی اپنانی ہے، اس حوالے سے پاکستانی سفیروں کی 3 روزہ کانفرنس اسلام آباد میں جاری ہے ۔
اس کانفرنس میں خطے کی صورتحال اور رونما ہونے والی تبدیلیوں، افغانستان کی صورتحال اور امریکا کی خطے سے متعلق پالیسی بھی زیر غور آئے گی ۔افتتاحی سیشن سے پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیرخارجہ خواجہ آصف خطاب کر رہے ہیں۔
کانفرنس میں شریک پاکستانی سفیروں کو وزارت خارجہ کی جانب سے ان موضوعات پر تجاویز اور سفارشات مرتب کرنے کے لئے پیشگی طور پر ہدایت کی گئی تھی، سفرا کانفرنس میں اپنی سفارشات پیش کر رہے ہیں۔
کانفرنس میں امریکا، روس، چین، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، برسلز سمیت مختلف ملکوں میں تعینات پاکستانی سفیر شریک ہیں۔
خواجہ محمد آصف بطور وزیر خارجہ پہلی مرتبہ اس اہم نوعیت کی کانفرنس سے خطاب کریں گے جس میں کانفرنس کے شرکاء جغرافیائی، سیاسی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں بھی خارجہ پالیسی کی اہمیت اور اس میں مزید بہتری کے لئے دستیاب احکامات پرغور کریں گے۔