شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز دائر
نیب ایگزیکٹو بورڈ نے شریف خاندان کے خلاف 3 اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس کی منظوری دی جو توقع کے مطابق آج کسی وقت دائر کی جاسکتی ہیں۔
نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں ہوا، ذرائع کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 4 ریفرنس پیش کیے گیے جس کی بورڈ نے منظوری دیدی ہے، منظور کیے گئے ریفرنسز میں شریف خاندان کے خلاف 3 اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس شامل ہیں۔ نیب نے چاروں ریفرنس سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے تیار کیے ہیں۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2017 کے سپریم کورٹ کے پاناماکیس کے فیصلے کے تناظر میں نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرنے کافیصلہ کیاگیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ پر مہیاکردہ مواد پر نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے ریفرنس تیارکیے جس میں نوازشریف اور ان کے خاندان کے خلاف 3 ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، ایک ریفرنس ایون فیلڈ پراپرٹیز پارک لین لندن میں فلیٹ نمبر 16 اور 16 اے ، دوسرا 17 اور 17 اے، دوسرا ریفرنس جدہ میں ہل میٹل کمپنی اورعزیزیہ اسٹیل کمپنی سے متعلق دائرکرنے کی منظوری دی گئی۔ فلیگ شپ انوسٹمنٹ لمیٹڈ و دیگر 15 کمپنیوں سے متعلق تیسرا جب کہ چوتھا ریفرنس اسحاق ڈار کے آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق دائر کرنے کی منظوری دی گئی ۔