Sep ۱۷, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۹ Asia/Tehran
  • نواز شریف کا احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، کسی کو گرفتار کرنا ہے تو کر لے۔

مریم نواز نے انتخابی مہم میں حکومتی وسائل استعمال کرنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ریلیوں میں سرکاری وسائل کی بات مضحکہ خیز ہے، کیا لوگوں میں جذبہ اور محبت سرکاری وسائل سے لائی جا سکتی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا، ججز نے خود کہہ دیا کہ کرپشن نہیں ہوئی، نواز شریف کے خلاف فیصلے پر دنیا اور قانون کے ماہرین بھی حیران ہیں، پاناما کیس سے کچھ لوگوں کی اصلیت پہچان میں آ گئی، جس انسان کے پاس چھپانے کے لیے کچھ ہو تو وہ خود عدالتوں کو خط نہیں لکھتا کہ آؤ میرا احتساب کرو۔

مریم نواز نے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے ہمارے ساتھ جو سلوک روارکھا گیا اور جوہمارے خلاف فیصلے آئے اس کے بعد نظرثانی اپیل میں انصاف کی توقع رکھنا ہمارے لئے ممکن نہیں تھا، احتساب کا عمل جس طرح جے آئی ٹی کے ذریعے مکمل کیا گیا اس سے انصاف کی نہیں انتقام کی بو آتی ہے، ہمارے پاس عدالت کے جواب میں جواب بھی ہے اور سوال بھی ہے، جے آئی ٹی میں جن ممبران کو ہیرے کہا گیا ان کی اپنی بہت ساری داستانیں سامنے آ گئیں، جن سوالوں کا اتنا واویلا مچایا گیا ان کا مقدمے سے تعلق نہیں تھا، ڈیڑھ سال ہم چپ رہے، اب بول رہے ہیں تو سننے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ ہم سے ذاتی نوعیت کے سوالات پوچھے گئے اور بعد میں فیصلہ اقامے پر آ گیا جس کا پورے مقدمے میں کہیں بھی ذکرہی نہیں تھا، ہمیں نہ ہی وضاحت اور نہ ہی فیئر ٹرائل کا موقع دیا گیا، سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا، ہمارے احتساب سے انتقام کی بو آتی ہے، اگر اسی طرح کا احتساب نیب میں بھی کیا جانا ہے تو پھر اس طرح کے احتساب کا ذاتی طور پر میں تو حصہ نہیں بنوں گی، ان کو جو فیصلہ کرنا ہے وہ کر لیں۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی نااہلی سے خالی ہونے والی نشست این اے 120لاہور کے لیے تاریخی ضمنی انتخاب آج ہوگا جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات کر دی گئی جبکہ انتخابی سامان کی ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں کی گئی ہے۔

ٹیگس