ہزاروں پاکستانی زائرین کربلا جانے کے لیے ایران پہنچ گئے
چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے پاکستان بھر سے تیس ہزار زائرین تفتان پہنچ گئے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں میں صوبائی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تیس ہزار زائرین کو کوئٹہ سے ایران کی سرحد پر پہنچا دیا گیا ہے جن میں سے پندرہ ہزار ضابطے کی کاروائی مکمل کر کے ایران میں داخل ہو گئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق سات سے آٹھ ہزار زائرین کو آئندہ دو روز کے اندر امیگریشن ضابطے اور قانونی مراحل طے کرنے کے بعد پاکستان سے ایران میں داخل ہونے کی اجازت دے دی جائے گی۔
پاکستان میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے کہا ہے کہ ایران کے سفارتی مراکز سے چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کو تیزی کے ساتھ ویزے جاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ اس سال دو لاکھ پاکستانی زائرین کو اربعین امام حسین میں شرکت کے لیے ایران میں قیام اور عراق کا ٹرانزٹ ویزہ فراہم کیا جائے گا۔