Nov ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۳ Asia/Tehran
  •  چودھری شجاعت اور بلاول بھٹو کی جانب سے ناصر شیرازی کی بازیابی کا مطالبہ

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو سے لاھور میں علیحدہ علیدہ ملاقاتیں کیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےایک وفد کے ہمراہ  پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے  لاہور میں ملاقات کی۔

علامہ راجہ ناصرعباس اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان اہم ملکی سیاسی صورت حال سمیت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر شیرازی ایڈوکیٹ کے اغواء کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

چوہدری شجاعت حسین نے اس ملاقات میں ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئےکہا کہ ناصر شیرازی کے اغوا کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے۔مسلم لیگ ق اس ظالمانہ اور غیر آئینی اقدام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ کھڑی ہے۔اس ایشو کو سینٹ اور قومی اسمبلی میں بھرپور انداز سے اٹھایا جائے گا۔

دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں رہنماوں کے درمیان اہم ملکی سیاسی صورت حال سمیت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر شیرازی ایڈوکیٹ کے اغواء کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیف ہوئی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو اس واقعہ کا ذمہ دار ٹھرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی و مذہبی جماعت کے مرکزی رہنما کا اغوا نام نہاد جمہوریت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی بازیابی کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی قومی اسمبلی،سینٹ اور سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائے گی۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سید ناصر شیرازی کی بازیابی کے لیے تعاون کی بھرپور یقین دہانی پربلاول بھٹو زرداری اورچوہدری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سیاسی مخالفین کو ریاستی اداروں کے ذریعے انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ آئین و قانون کی اس تضحیک اوراختیارات کے ناجائزاستعمال پر پارلیمانی جماعتوں کو پنجاب حکومت کے خلاف اپنا بھرپورکردار ادا کرناچاہیے تاکہ آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔

درایں اثناایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر شیرازی ایڈوکیٹ کے اغواء کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں ناصرشیرازی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کو فوری بازیاب کرایا جائے ورنہ احتجاج ہمارا حق ہے اورایم ڈبلیوایم  کا احتجاج ہمیشہ نتیجہ خیز رہا ہے ،ہم اس حق کو استعمال کریں گے اور ایک نئے انداز کا احتجاج کریں گے۔

ٹیگس