شہبازشریف مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر منتخب
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے شہباز شریف کو پارٹی کا قائم مقام صدر منتخب کرلیا ہے جب کہ نواز شریف کو تاحیات قائد بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق ماڈل ٹاون میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چئیرمین راجا ظفرالحق کی صدارت میں اس پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں سابق بر کنار ہونے والے وزیر اعظم نواز شریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب، پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق اور رانا ثنا اللہ سمیت 100 سے زائد اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر کے لیے شہباز شریف جب کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف نے تاحیات قائد کے لیے نواز شریف کا نام تجویز کیا، جس کے بعد مرکزی مجلس عاملہ نے شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا قائم مقام صدر منتخب کرلیا جب کہ نواز شریف کو تاحیات قائد بنانے کی منظوری دےدی۔ شہبازشریف کو مستقل پارٹی صدر بنانے کی منظوری مسلم لیگ (ن) کے جنرل کونسل اجلاس میں لی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے21 فروری کو انتخابی اصلاحات 2017 کیس سے متعلق دائر درخواستوں کا فیصلہ سنایا تھا جس کے نتیجے میں نواز شریف پارٹی صدارت سے بھی نااہل ہوگئے تھے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ آئین کی دفعہ 62، 63 پر پورا نہ اترنے والا نااہل شخص کسی سیاسی جماعت کی صدارت نہیں کرسکتا۔