نواز شریف کی لندن روانگی پرتحریک انصاف کی تشویش
پاکستان کے سابق اور بر کنار ہونے والے وزیر اعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ لندن پہنچ گئے ہیں تاہم ان کی لندن روانگی پر تحریک انصاف نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے سابق اور بر کنار ہونے والے وزیر اعظم نواز شریف ہر چند کہ لندن پہنچ گئے ہیں اور لندن میں اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کرنے کے بعد ممکنہ طور پر 22 اپریل اتوار کو پاکستان واپس جائیں گے تاہم تحریک انصاف نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلیہ کی عیادت فرار کا بہانہ نہیں بننی چاہئے۔
ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے نواز شریف کی لندن روانگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت کی کارروائی فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوا چاہتی ہے، ایسے میں نواز شریف کی بیرون ملک روانگی بہت سے شبہات کو جنم دے رہی ہے، اہلیہ کی عیادت فرار کا وسیلہ نہیں بننی چاہئیے۔
فواد چوہدری نے اسحاق ڈار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سمدھی صاحب بھی بیماری کی آڑ میں نو دو گیارہ ہوئے، وزیراعظم اور وزیر داخلہ سمیت وفاقی حکومت اور اسکے بیشتر ادارے شریفوں کو بچانے یا بھگانے میں لگے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق اور بر کنار ہونے والے وزیر اعظم نواز شریف، مریم نوازاور کیپٹن صفدر نے بدھ سے جمعہ تک احتساب عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کر دی ہے۔
چند ہفتے قبل نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کا بیرون ملک فرار روکنے کے لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا کہا تھا لیکن حکومت نے ایسا نہیں کیا۔ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف احتساب عدالت میں کرپشن کے تین مقدمات میں کارروائی ہو رہی ہے۔