Apr ۳۰, ۲۰۱۸ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
  • شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف دھرنا اور بھوک ہڑتال

بلوچستان کی شیعہ تنظیموں، سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں کی جانب سے بھی احتجاجی دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں سول سوسائٹی نے حالیہ دنوں میں ہونے والے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف پریس کلب کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کردی۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں خواتین کی بڑی تعداد موجود ہے۔ سول سوسائٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے کوئٹہ آنے اورٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے تک احتجاج جاری رکھیں گے اور اگر یہی صورتحال رہی تو اس سے بھی زیادہ سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔

درایں اثنا کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر احتجاجی دھرنا دیا گیا ہے۔ احتجاجی دھرنے میں شیعہ ہزارہ مرد و خواتین ہزاروں کی تعداد میں شریک ہیں۔ احتجاجی دھرنے کے شرکاء کا مطالبہ ہے کہ جب تک چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ذاتی طور پر خود کوئٹہ آکر شیعہ نسل کشی کے یقینی خاتمے کی مکمل ضمانت نہیں‌ دیتے، تب تک کوئٹہ میں احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔

دوسری جانب کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ قوم کو مسلسل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف بلوچستان شیعہ کانفرنس کے زیراہتمام احتجاجی جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاجی جلسے میں ایم ڈبلیو ایم، بلوچستان شیعہ کانفرنس، ہزارہ قومی جرگہ، کوئٹہ یکجہتی کونسل، انجمن تاجران اور کوئٹہ کے دیگر مقامی شیعہ تنظیموں کے اکابرین نے شرکت کی۔

اس موقع پر احتجاجی جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء وصوبائی وزیر قانون سید محمد رضا آغا کا کہنا تھا کہ گلگت سے لیکر کراچی تک ملت تشیع نے ہمیشہ پاکستان کا جھنڈا سربلند رکھا ہے۔ ہم سے بڑھ کر پاکستانی کون ہوگا۔؟ لیکن پھر بھی ہمیں پورے پاکستان میں ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ جب کوئٹہ میں نواز شریف بطور وزیراعظم تشریف لائے تو میں نے ان سے سوال کیا تھا کہ آیا آپ نے طالبان سے مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کے 80 ہزار شہداء کے لواحقین کو اعتماد میں لیا؟ اس کے علاوہ میں نے ان سے یہ بھی پوچھا کہ آپ کب تک پاکستان پر سعودی شہزادوں اور امریکی حکمرانوں کے ایجنڈے مسلط کرتے رہیں گے؟ جب تک آپ اپنی خارجہ اور داخلہ پالیسی میں تبدیلی نہیں لاتے، تب تک عوام کو تحفظ فراہم کرنا محال ہے۔

انہوں نے کہا کہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مجھے پیغام دیا ہے کہ کوئٹہ کی شیعہ ہزارہ قوم کے جو بھی مطالبات ہونگے، ہم پورے پاکستان میں آباد شیعہ ملت کو آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا کرینگے۔

بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید محمد داؤد آغا نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں کسی قسم کی فرقہ واریت نہیں، بلکہ یہاں ہم پر جنگ مسلط کی جا رہی ہے۔ شیعہ ہزارہ قوم کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشتگردوں کی سرپرستی خود ریاست کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں گزشتہ کئی روز سے تسلسل کے ساتھ شیعہ ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے اور ہفتے کے روز کوئٹہ کے مرکزی بازار میں تکفیری دہشتگردوں نے شیعہ ہزارہ مسلمانوں کو ٹارگٹ‌ کلنگ کا نشانہ بنایا۔ ٹارگٹ کلنگ کے اس واقعے میں ایک ہی خاندان کے دو افراد شہید ہوگئے۔

ٹیگس