May ۰۲, ۲۰۱۸ ۰۹:۰۶ Asia/Tehran
  • لشکر جھنگوی کا بد نام زمانہ دہشت گرد عبدالرحیم گرفتار

انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کے شہر کوئٹہ سے کالعدم تنظیم کے اہم دہشتگرد کمانڈر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کوئٹہ شہر کے نواحی علاقے ولی جیٹ سے کالعدم دہشتگرد گروہ لشکر جھنگوی کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کیا ہے۔

 ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے ایف سی حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سے کالعدم تنظیم کے اہم دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار دہشت گرد عبدالرحیم محمد شہی ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں ملوث ہے، جبکہ اس کی جانب سے کی جانے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں متعدد معصوم افراد شہید ہوئے۔

 پریس کانفرنس کے دوران دہشتگرد کے اعترافی بیان کی ویڈیو بھی چلائی گئی۔

 سی ٹی ڈی کے آفیسر نے بتایا کہ دہشت گرد سے ہینڈ گرینیڈ اور پستول برآمد کی گئی، جبکہ دہشت گرد کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے امید ہے کہ دیگر دہشتگردوں کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ کے مطابق گرفتار دہشت گرد ہزارہ ٹاؤن دھماکے ،آئی جی آفس اور دیگر حملے میں ملوث تھا جب کہ ابتدائی تحقیقات میں دہشتگرد نے 9 کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا، دہشت گرد کی گرفتاری شیعہ ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام میں اہم پیش رفت ہے۔

اعتزاز گورایہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عبدالرحیم محمد شہی کے سرکی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب نے مل کر لڑنی ہے۔ گذشتہ روز پولیس اور فرنٹیئر کور کی جانب سے ضلع مستونگ کے پہاڑی علاقوں اسپلنچی اور قابو میں مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم لشکرِ جھنگوی کا کمانڈر مقصود احمد ہلاک ہوا تھا۔

ٹیگس