نواز شریف لندن روانہ، نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا مسئلہ
پاکستان کے سابق اور برکنار ہونے والے وزیراعظم نواز شریف صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ لندن روانہ ہوگئے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد اور بر طرف ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ عید منانے کے لیے لندن روانہ ہوگئے۔ دونوں قطر ایئرلائن کی پرواز سے دوحہ کے راستے لندن جائیں گے جہاں نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کریں گے اور اہلخانہ کے ہمراہ عید منائیں گے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے گلے کے کینسر کا علاج جاری ہے۔
دوسری جانب نگراں وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے کمیٹی کو ارسال کر دیا۔
نگراں وفاقی وزیر داخلہ اعظم خان نے شریف خاندان کے نام کابینہ کمیٹی کو ارسال کرنے کی تصدیق کر دی۔ اعظم خان کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے سفارش کردہ نام کمیٹی اجلاس میں زیر غور لائیں گے۔
نگراں وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اگر وزراء دستیاب ہوئے تو اجلاس فوری کریں گے ورنہ عید کے بعد ہوگا۔ تین رکنی کابینہ کمیٹی میں وزیرداخلہ، وزیرخزانہ اور وزیر قانون شامل ہیں۔