پاکستان: نوازشریف کو 10، مریم نواز کو 7 سال قید کی سزا
پاکستان میں احتساب عدالت کی جانب سے اس ملک کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو دس سال اور ان کی بیٹی مریم نواز کو سات سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو دس سال قید اور آٹھ ملین پاؤ نڈ جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ عدالتی فیصلے میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو سات سال قید اور دو ملین پا ونڈ نقد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی ضبطی کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔
فیصلے کے بعد نیب پراسیکیوٹر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ احتساب عدالت کے فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کرپشن کی رقم سے بنائے گئے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے تین دن پہلے ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ نواز شریف کی جانب سے ان کی واپسی تک فیصلہ موخر کرنے کی اپیل کی گئی تھی جس کو عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔
احتساب عدالت نے اس کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کو پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے رکھا ہے اور ان کا ٹرائل بھی الگ کر دیا گیا ہے۔
فیصلے کے وقت کمرہ عدالت کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جبکہ عدالت کے اندر بھی سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔