نواز شریف کی جانب سے پاکستان جانے کا اعلان
نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کو وطن واپسی پر فوری گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کے بر کنار ہونے اور 10 سال کی سزا پانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ والد کے ہمراہ جمعہ کو پاکستان جارہی ہیں ۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر والدہ کی صحت سے متعلق کچھ نہیں بتارہے کہ وہ کب تک ہوش میں آجائیں گی لیکن ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ کو انشااللہ پاکستان واپس پہنچ جائیں گے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اورمریم نواز اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتریں گے۔ نیب کا کہنا ہے نوازشریف اورمریم نواز کو پاکستان پہنچتے ہی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب لندن میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا پورا فیصلہ مفروضات پر دیا گیا اور اس میں صرف نوازشریف کو نشانہ بنایا گیا، فیصلے کے خلاف اپیل کے لیے قانونی راستہ اپنائیں گے اور اگر تحقیقات میں برطانیہ سے مدد مانگی گئی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا کیوں کہ جب برطانیہ نے ٹرسٹ ڈیڈ کو درست قراردے دیا تو پاکستانی عدالت اسے غلط کیسے کہہ سکتی ہے۔
ادھر قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب عدالت سے نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر (ر) کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے ہیں۔
نیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ احتساب عدالت سے حاصل کرلیا ہے اور گرفتاری کے وارنٹ بھی حاصل کرلئے ہیں۔ قانون کے مطابق نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، حسن اور حسین نواز کی گرفتاری کے لئے لائحہ عمل کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔