نواز شریف کے داماد کی گرفتاری پرمریم اورعمران کا رد عمل
پاکستان کےسابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پران کی اہلیہ مریم نواز اورعمران خان کا رد عمل سامنے آیا ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان کےسابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر نے دلیرانہ طریقے سے شیر کی طرح گرفتاری دی، گرفتاری کیا، کوئی بھی قربانی دینا پڑی تو دیں گے کیوں کہ ہم اور کروڑوں لوگ ’’ووٹ کوعزت دو‘‘ کے جھنڈے تلے مارچ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بے نظیر سے نہ ملایا جائے میری اپنی الگ پہچان ہے۔
دوسری جانب ایبٹ آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ ایون فیلڈ میں سزا پانے والے کیپٹن(ر) صفدر اس طرح گرفتاری دینے جارہے تھے جیسے کشمیر فتح کرلیا جب کہ نوازشریف اور مریم نواز لندن سے مظلوم بن کر آئیں گے، نوازشریف پاکستان آئیں لیکن نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش نہ کریں کیونکہ نیلسن منڈیلا ایک عظیم لیڈر تھا جس نے 27 سال قید کاٹی لیکن نوازشریف تو ڈاکو ہیں جو ملک وقوم کا 300ارب کا پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے ۔
واضح رہے کہ کل قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کیاتھا۔
کیپٹن (ر) صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں جمعہ کو احتساب عدالت کی جانب سے ایک سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد روپوش ہوگئے تھے اور دو روز بعد ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔
احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے ۔ نواز شریف اور مریم نواز بیرون ملک ہونے کی وجہ سے تاحال نیب کی گرفت میں نہیں آسکے۔
واضح رہے کہ کیپٹن صفدر کو اس سے پہلے 9 اکتوبر 2017 کو بھی نیب مقدمے میں احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا جاچکا ہے۔