ایران پاکستان گیس پائپ لائن کا کوئی نعم البدل نہیں، ایرانی سفیر
اسلام آباد میں متعین ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ سیکورٹی اور اقتصادی لحاظ سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کا دوسرے منصوبوں سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔
ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے اپنے ایک انٹرویو میں یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ ہمسایہ اور برادر مسلم ملک پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے اور عوام کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔پاکستان میں متعین ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے اعلی حکام باہمی سیاسی، تجارتی تعلقات کے فروغ پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن منصوبے سے جہاں دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد مزید مستحکم ہوگا اور پاکستان کو سستی داموں توانائی ملے گی وہیں پاکستان کی معاشی صورتحال بھی بدل جائے گی۔واضح ہے کہ گیس پائپ لائن منصوبے پر مارچ دوہزار چودہ سے عملدرآمد شروع ہوا تھا اور وعدے کے مطابق ایران نے دسمبر دوہزار پندرہ میں گیس پائپ لائن پاکستان کی سرحد تک پہنچا دی تھی۔معاہدے کے تحت پاکستان کو اپنے علاقے میں گیس پائپ لائن بچھانے کا کام انجام دینا تھا جو تاحال انجام نہیں پاسکا ہے۔