Sep ۱۶, ۲۰۱۸ ۰۸:۰۵ Asia/Tehran
  • صدر پاکستان بے بس یا بے اختیار

کراچی میں اپنے پروٹوکول کے حوالے سے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ایئرپورٹ پر ان کے منع کئے جانے کے باوجود پروٹوکول دیا گیا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر علوی گزشتہ روز اسلام آباد سے کراچی پہنچے تھے، اس موقع پر انہیں مکمل وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا تھا، ان کے قافلے میں 2 درجن سے زائد گاڑیاں شامل تھیں اور کئی اہم شاہراہوں کو بند کردیا گیا تھا۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے ٹوئٹر پر وضاحت دیتے ہوئےکہا کہ یہ درست ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر ان کے ہمراہ کئی گاڑیاں تھیں، حالانکہ میں نے حکام سے کہا تھا کہ مجھے عوام کے سامنے رسوا نہ کیجیے، میرے ساتھ سیکیورٹی تناظر کی حد تک ہی گاڑیاں رکھی جائیں، ایک یا دو گاڑیاں آگے اور اتنی ہی پیچھے ہونی چاہئیں لیکن ایسا نہیں ہوسکا، ہمیں اس سلسلے میں سخت اقدام اٹھانا پڑیں گے۔

اپنی رہائش گاہ کے باہر موجود پولیس اہلکاروں کی موجودگی اور پولیس کی جانب سے گھر کے اطراف ہوٹلوں کی بندش کے حوالے سے صدر پاکستان نے کہا کہ ہمیں اس حوالے سے بھی کام کرنے کی ضرورت ہے، میں اپنے ان پڑوسیوں کے لیے اذیت کا باعث نہیں بننا چاہتا جن کے ساتھ میں نے ساری عمر گزاری ہے۔ میں سیکیورٹی کو تو نہیں چھوڑ سکتا لیکن جب یہ عام شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنی تو ہمیں اس کی ایک حد مقرر کرنا ہوگی۔

 

ٹیگس