پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا:صدر پاکستان
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ترکی پاکستان کا اہم دوست ملک ہے۔
ترکی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کےصدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان، کشمیر اور فلسطین میں مظالم کو دنیا کے سامنے لایا ہے، اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات استوار نہیں کئے جا رہے، اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد سے متعلق رپورٹ بے بنیاد ہے۔
پاکستان کے صدر کا کہنا تھا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے واقعے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے، جمال خاشقجی کے قتل کا معاملہ منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔
پاکستان کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 3 روزہ دورے پر ترکی جارہے ہیں، وہ اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان کی دعوت پر استنبول جارہے ہیں۔
خیال رہے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک خبر زیر گردش ہے جس میں یہ کہا جارہا ہے کہ اسرائیلی طیارہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا تھا، بعد ازاں برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے اس خبر کو شائع بھی کیا گیا۔ تاہم ترجمان سول ایوی ایشن نے اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی طیارے کی آمد صرف افواہ پر مبنی ہے، اسرائیل کا کوئی بھی طیارہ پاکستان کے کسی ایئرپورٹ پر نہیں اترا۔
سول ایوی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز اسرائیل سے نہیں بلکہ اردن کے کوئن عالیہ انٹرنشینل ایئرپورٹ سے آیا جو پہلے مسقط اور پھر اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا، یہ ایک چھوٹا جہاز تھا جس میں پائلٹ سمیت 11 سے 12 افراد سفر کر سکتے ہیں جب کہ جہاز کو ایوی ایشن قوانین کے مطابق اسلام آباد لینڈنگ اور پھر ٹیک آف کرنے کی کلیٰرنس دی گی۔