پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظرتعلیمی ادارے بند
پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وفاقی نظامت تعلیمات کے زیرِ انتظام سرکاری تعلیمی اداروں میں جمعے کو تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ ترجمان وزارت تعلیم رفیق طاہر کے مطابق حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔
ادھروفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کاکہنا ہے کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول میں ہے،ریاست کےصبر کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ آئین اورقانون کی مکمل عملداری میں ہی عوام کامفاد ہے،آئین اورقانون کی عملداری کا فرض پورا کریں گے۔
اس سے قبل فواد چودھری نےسوشل میڈیا پر ایک بیان میں اسلام آباد سمیت پنجاب کے چار شہروں میں موبائل سروس پر پابندی کا اعلان کیا تھا جو صبح 8 سے مغرب تک ہوگی۔ تاہم ملک کے بیشتر حصوں میں احتجاج کے باعث عوام کو مشکلات کا سامناہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل آسیہ بی بی کی بریت کا فیصلہ آنے کے بعد سے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں مختلف دینی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے، سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر گزشتہ روز تعلیمی اداروں میں جلد چھٹی دے دی گئی تھی جب کہ سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بھی بند رہیں گے۔